سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان سے نیدرلینڈ کے سفیر رابرٹ جان سیگرٹ نے سپیکر چیمبر میں ملاقات کی، جس میں دوطرفہ تعلقات، پارلیمانی تعاون، تجارت، تعلیم اور کھیلوں سمیت مختلف امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان پارلیمانی روابط اور قانون ساز اسمبلیوں کے درمیان تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔ سپیکر ملک محمد احمد خان نے کہا کہ پاکستان اور نیدرلینڈ کے درمیان دیرینہ تعلقات باہمی احترام اور تعاون پر مبنی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پارلیمانی سفارت کاری کو فروغ دینا اور پارلیمانی وفود کے تبادلوں میں اضافہ وقت کی اہم ضرورت ہے، جس سے دونوں ممالک کے تعلقات کو نئی سمت اور مضبوط بنیادیں ملیں گی۔
سپیکر نے مزید کہا کہ تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ سے مشترکہ خوشحالی کے نئے مواقع پیدا ہوں گے جبکہ تعلیم اور تحقیق کے شعبوں میں تعاون نوجوان نسل کے لیے انتہائی فائدہ مند ثابت ہوگا۔
ان کا کہنا تھا کہ جمہوری اداروں کے درمیان تجربات کا تبادلہ گورننس کے نظام کو بہتر بناتا ہے اور نوجوانوں کے تعلیمی و ثقافتی تبادلوں سے باہمی اعتماد میں اضافہ ہوتا ہے۔
انہوں نے پنجاب میں کم عمری کی شادی کے خلاف قانون سازی کو بچوں کے محفوظ مستقبل کے لیے اہم قرار دیا۔
نیدرلینڈ کے سفیر رابرٹ جان سیگرٹ نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تعاون کو مزید وسعت دی جائے گی اور پارلیمانی سطح پر تعلقات کو مضبوط بنانے میں دلچسپی کا اظہار کیا۔
انہوں نے پنجاب اسمبلی کے دورے کو خوشگوار تجربہ قرار دیتے ہوئے اسپیکر کی مہمان نوازی کو سراہا۔ ملاقات میں اعلیٰ حکام اور پارلیمانی نمائندگان بھی موجود تھے۔
