حکومت پاکستان نے عوام کو بڑا ریلیف دیتے ہوئے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں نمایاں کمی کا اعلان کر دیا ہے۔ عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی کے بعد حکومت نے پیٹرول اور ڈیزل دونوں کی قیمتوں میں خاطر خواہ کمی کی ہے، جس سے عوام کو براہ راست فائدہ پہنچے گا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے بیان میں کہا کہ پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 74 روپے کمی کی جا رہی ہے۔ اس کمی کے بعد پیٹرول کی قیمت 373 روپے فی لیٹر سے کم ہو کر 299 روپے فی لیٹر ہو جائے گی۔ اسی طرح ڈیزل کی قیمت میں 67 روپے فی لیٹر کمی کی گئی ہے، جس کے بعد ڈیزل 378 روپے سے کم ہو کر 311 روپے فی لیٹر دستیاب ہوگا۔
وزیراعظم نے کہا کہ مشکل معاشی حالات میں عوام نے صبر اور برداشت کا مظاہرہ کیا، جس پر حکومت ان کی شکر گزار ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے اپنے وسائل اور بچت کے ذریعے عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دینے کی کوشش کی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت نے ترقیاتی بجٹ میں کفایت شعاری اختیار کرتے ہوئے اربوں روپے کی بچت کی، تاکہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی لا کر عوام پر پڑنے والے مالی بوجھ کو کم کیا جا سکے۔
