وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے نفرت انگیز تقاریر کے انسداد کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ معاشرے سے تعصب، نفرت اور اشتعال انگیزی کے خاتمے کے لیے مشترکہ اور مربوط حکمت عملی اپنانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
انہوں نے نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ سوشل میڈیا پر پھیلنے والے نفرت انگیز مواد، غلط معلومات اور انتہاپسندی کے رجحانات سے خود بھی بچیں اور دوسروں کو بھی اس سے روکنے میں کردار ادا کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ ڈیجیٹل پلیٹ فارمز پر نفرت انگیز مواد کی تیز رفتار ترسیل آج کے دور کا ایک بڑا چیلنج ہے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ نفرت انگیز تقاریر انسانی حقوق کے لیے سنگین خطرہ ہیں، جو نہ صرف تشدد کو جنم دیتی ہیں بلکہ معاشرے میں تقسیم اور انتشار کا باعث بھی بنتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایسے بیانیے کو مسترد کر کے معاشرے میں برداشت، امن اور باہمی احترام کو فروغ دینا ضروری ہے۔ مریم نواز شریف نے کہا کہ مذہبی، نسلی اور صنفی بنیادوں پر ہر قسم کی نفرت کو روکنا عالمی ہم آہنگی کے لیے ناگزیر ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اسلاموفوبیا سمیت نفرت انگیز رویوں کی تمام شکلیں خطرناک ہیں اور ان کے خلاف مؤثر اقدامات ضروری ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ماہ محرم الحرام میں خاص طور پر امن، محبت اور بھائی چارے کے پیغام کو عام کرنے کی ضرورت ہے۔ وزیراعلیٰ نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پنجاب حکومت معاشرے سے نفرت، تعصب اور تنگ نظری کے خاتمے کے لیے ہر سطح پر کام جاری رکھے گی۔
