وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے تعین کے لیے ایک شفاف اور واضح فارمولا تیار کیا جا رہا ہے تاکہ عوام کو حقیقی ریلیف فراہم کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اس بات کو یقینی بنا رہی ہے کہ قیمتوں میں کمی کا فائدہ فوری طور پر عوام تک پہنچے۔
انہوں نے بتایا کہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں کمی کے بعد پاکستان میں بھی ریلیف کے امکانات بڑھ گئے ہیں۔ وزیر پیٹرولیم کے مطابق عالمی سطح پر حالات میں بہتری اور کشیدگی میں کمی کے باعث تیل کی قیمتیں نیچے آنا شروع ہو گئی ہیں۔
علی پرویز ملک نے کہا کہ وزیراعظم کی ہدایت ہے کہ عوام کو مہنگائی کے دباؤ سے ریلیف دیا جائے اور اس مقصد کے لیے پٹرولیم قیمتوں کے تعین کا نظام مزید شفاف بنایا جا رہا ہے۔ اس حوالے سے ایک اعلیٰ سطح کی کمیٹی بھی تشکیل دی گئی ہے جو ہفتہ وار قیمتوں کا جائزہ لے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ نئی پالیسی تمام متعلقہ اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے تیار کی جائے گی اور قیمتوں میں تبدیلی کی وجوہات بھی عوام کے سامنے واضح کی جائیں گی تاکہ مکمل شفافیت برقرار رہے۔
وزیر پیٹرولیم کا کہنا تھا کہ تمام علاقائی چیلنجز کے باوجود ملک میں تیل کی سپلائی بلا تعطل جاری رہی ہے اور حکومت نے توانائی کے نظام کو مستحکم رکھنے کے لیے مؤثر اقدامات کیے ہیں۔ انہوں نے توقع ظاہر کی کہ آئندہ ہفتے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں واضح کمی کا اعلان کیا جا سکتا ہے۔
