بلوچستان حکومت نے تیزاب گردی کا نشانہ بننے والی لیڈی ڈاکٹر ماہ نور ناصر کو بہتر علاج کے لیے بیرونِ ملک بھجوانے کا فیصلہ کیا ہے۔
وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی ہدایت پر اس حوالے سے باضابطہ اقدامات شروع کر دیے گئے ہیں اور چیف منسٹر سیکرٹریٹ کی جانب سے متعلقہ حکام کو مراسلہ بھی جاری کر دیا گیا ہے۔
مراسلے کے مطابق متاثرہ لیڈی ڈاکٹر کو جدید اور خصوصی طبی سہولیات فراہم کرنے کے لیے انہیں امریکہ منتقل کیا جائے گا، اور اس سلسلے میں تمام ضروری انتظامات کیے جا رہے ہیں۔
اس وقت ڈاکٹر ماہ نور ناصر کا علاج کراچی کے آغا خان اسپتال میں جاری ہے جہاں انہیں مزید طبی نگہداشت فراہم کی جا رہی ہے۔ انہیں آئندہ ایک ہفتے تک وہیں زیرِ علاج رکھا جائے گا۔
حکومتی حکام کے مطابق متاثرہ ڈاکٹر کو بہترین علاج فراہم کرنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں تاکہ ان کی جلد صحت یابی ممکن ہو سکے۔
یاد رہے کہ 6 جون کو کوئٹہ کے سول سنڈیمن اسپتال میں ڈاکٹر ماہ نور ناصر پر تیزاب سے حملہ کیا گیا تھا جس کے نتیجے میں وہ اور ایک وارڈ بوائے زخمی ہوئے تھے۔ بعد ازاں پولیس کارروائی میں حملہ آور مارا گیا تھا۔
