وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ پاکستان کے خلاف کسی بھی قسم کی آبی جارحیت کا مکمل بندوبست کیا جائے گا اور قومی مفادات کے تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بھارت ماضی میں اپنی ناکامیوں کا سامنا کر چکا ہے اور جنگی صورتحال میں اس کی کارکردگی تاریخ کا حصہ بن چکی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان ہر قسم کی صورتحال کے لیے مکمل طور پر تیار ہے اور اگر بھارت نے کسی قسم کی جارحیت یا ایڈونچر کی کوشش کی تو اسے فوری اور مؤثر جواب دیا جائے گا۔
وزیر دفاع نے کہا کہ خطے میں پاکستان کے خلاف مختلف سطحوں پر سرگرمیوں پر نظر رکھی جا رہی ہے اور ملک کے مفادات کے تحفظ کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان اپنے پانی کے وسائل پر کسی بھی دباؤ یا رکاوٹ کو قبول نہیں کرے گا اور اس معاملے پر قومی سطح پر مضبوط پالیسی اختیار کی گئی ہے۔
