وفاقی وزیر اطلاعات عطاء تارڑ نے کہا ہے کہ حالیہ پیش کیا گیا بجٹ ایسا ہے جس کی مخالفین بھی تعریف کر رہے ہیں، جبکہ جو لوگ تنقید کے عادی ہیں وہ صرف تنقید برائے تنقید کرتے ہیں۔

انہوں نے وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی کے ہمراہ پریس کانفرنس میں کہا کہ ملک میں منفی ماحول پیدا کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے، تاہم حکومت نے مشکل معاشی حالات کے باوجود معیشت کو بہتر سمت میں ڈالا ہے۔

عطاء تارڑ کے مطابق اس سے پہلے ملک کی معاشی صورتحال انتہائی خراب تھی، زرمبادلہ کے ذخائر کم ترین سطح پر تھے، درآمدات کے لیے ایل سیز نہیں کھل رہی تھیں اور مہنگائی کی شرح بھی بہت زیادہ تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ بعض حلقے معیشت کے بارے میں منفی پیشگوئیاں کر رہے تھے۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ بجٹ میں تنخواہ دار طبقے، صنعتوں اور برآمد کنندگان سمیت تمام شعبوں کو ریلیف دیا گیا ہے۔ سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ کیا گیا ہے جبکہ نجی شعبے میں کم از کم اجرت بھی بڑھائی گئی ہے۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے مزید کہا کہ آئی ٹی سیکٹر اور فری لانسرز کے لیے ٹیکس میں رعایتیں برقرار رکھی گئی ہیں تاکہ اس شعبے کو مزید فروغ دیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے معیشت کو مستحکم کرنے کے لیے اہم فیصلے کیے ہیں، اور مسلم لیگ (ن) کی قیادت نے مشکل حالات میں ملک کو سنبھالا ہے۔

Leave a Reply

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Related Posts