وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت نے تیسرا سرپلس بجٹ پیش کر کے ایک نیا ریکارڈ قائم کیا ہے، جس میں تعلیم، صحت اور سماجی شعبوں کو خصوصی ترجیح دی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب کا کسان اس بجٹ میں سب سے زیادہ ریلیف حاصل کرنے والوں میں شامل ہے، جبکہ ترقیاتی منصوبے صرف کاغذوں تک محدود نہیں بلکہ عملی طور پر زمین پر نظر آ رہے ہیں۔
عظمیٰ بخاری کے مطابق پنجاب حکومت اپنے وسائل سے تمام ترقیاتی منصوبے اسی رفتار سے جاری رکھے ہوئے ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ "اپنی چھت اپنا گھر”، "ستھرا پنجاب” اور "آسان کاروبار” جیسے اہم منصوبے کامیابی سے جاری ہیں اور یہ عوامی فلاح کے بڑے منصوبے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ پنجاب میں الیکٹرک بسوں کا نیٹ ورک 147 تحصیلوں تک پھیلایا جائے گا تاکہ عوام کو جدید اور آسان سفری سہولیات فراہم کی جا سکیں۔
وزیر اطلاعات نے مزید کہا کہ پنجاب میں ترقی صرف ایک علاقے تک محدود نہیں بلکہ اٹک سے وہاڑی اور رحیم یار خان تک یکساں ترقی کے اثرات نظر آ رہے ہیں۔ تمام اضلاع میں ترقی کے مواقع برابر فراہم کیے جا رہے ہیں۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ وزیر اعلیٰ مریم نواز نے مختصر عرصے میں گزشتہ ادوار کی محرومیوں کا ازالہ کیا ہے اور عوامی خدمت کو ترجیح دی ہے۔ ان کے مطابق سیاسی مخالفت اور دھرنوں کی سیاست کے مقابلے میں خدمت کی سیاست کو عوام میں پذیرائی حاصل ہو رہی ہے۔
عظمیٰ بخاری نے کہا کہ مریم نواز کی کارکردگی اور طرز حکمرانی کی وجہ سے ان کی عوامی مقبولیت میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔
