پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (پمز) میں سابق وزیراعظم عمران خان کو آنکھ کے فالو اپ علاج کے لیے منتقل کیا گیا جہاں ان کا طبی معائنہ کیا گیا۔
پمز انتظامیہ کے مطابق عمران خان کو آنکھ کا پانچواں انٹرا ویٹریل انجیکشن لگایا گیا جو کہ ماہر ڈاکٹروں کی نگرانی میں کامیابی سے مکمل ہوا۔
طبی معائنے کے دوران ڈاکٹروں نے بتایا کہ عمران خان کی مجموعی صحت مستحکم ہے اور آنکھ کی حالت میں بہتری دیکھی گئی ہے۔
پمز کے مطابق او سی ٹی ٹیسٹ میں بھی آنکھ کی حالت میں مثبت تبدیلی ظاہر ہوئی ہے جس کے بعد مزید علاج کی ضرورت کا جائزہ لیا گیا۔
انتظامیہ نے بتایا کہ پورا طبی عمل ماہر ڈاکٹروں کی نگرانی میں ڈے کیئر سرجری کے طور پر مکمل کیا گیا اور تمام طبی پروٹوکولز پر سختی سے عمل کیا گیا۔
علاج کے بعد عمران خان کو ضروری ہدایات کے ساتھ ڈسچارج کر دیا گیا ہے جبکہ مزید فالو اپ کے لیے بھی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔
پمز ہسپتال انتظامیہ کے مطابق مریض کی طبی حالت مکمل طور پر مستحکم ہے اور آئندہ علاج کا عمل بھی معمول کے مطابق جاری رہے گا۔
