اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے پاکستان میں تعینات ایران کے سفیر رضا امیری مقدم نے ملاقات کی ہے جس میں دوطرفہ تعلقات اور خطے کی صورتحال پر تفصیلی بات چیت کی گئی۔
ملاقات کے دوران اسپیکر قومی اسمبلی نے ایران اور امریکا کے درمیان طے پانے والے امن معاہدے پر ایرانی قیادت اور عوام کو دلی مبارکباد پیش کی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اس معاہدے کا خیرمقدم کرتا ہے اور یہ خطے میں امن، استحکام اور باہمی اعتماد کے فروغ کی جانب ایک مثبت اور حوصلہ افزا قدم ہے۔
اسپیکر سردار ایاز صادق نے مزید کہا کہ ایران امریکا امن معاہدہ علاقائی اور عالمی سطح پر امن کے قیام میں اہم کردار ادا کرے گا۔
ایرانی سفیر رضا امیری مقدم نے ملاقات کے دوران ایران اور امریکا کے درمیان امن معاہدے کے لیے پاکستان کی حکومت، پارلیمان اور سفارتی قیادت کی کوششوں کو سراہا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سیاسی، پارلیمانی، سفارتی، سول اور عسکری قیادت نے اس عمل میں مثبت اور مؤثر کردار ادا کیا ہے جو قابلِ تحسین ہے۔
ملاقات میں پاک ایران دوطرفہ تعلقات، پارلیمانی روابط کے فروغ اور خطے کی مجموعی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ایرانی سفیر نے اپنے وفد کے ہمراہ قومی اسمبلی کے اجلاس کی کارروائی بھی دیکھی اور پاکستان کی پارلیمانی روایات کو سراہا۔
انہوں نے کہا کہ ایران کی حکومت اور عوام پاکستان کے کردار کو ہمیشہ یاد رکھیں گے اور اسے امن کے لیے ایک مخلصانہ کوشش کے طور پر قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔
