امریکی گلوکارہ اور عالمی شہرت یافتہ آرٹسٹ ٹیلر سوئفٹ کی مجموعی دولت میں غیر معمولی اضافہ ہوا ہے، اور وہ اب دنیا کی امیر ترین موسیقاروں میں شامل ہو گئی ہیں۔
فوربز کی رپورٹ کے مطابق مارچ 2026 تک ٹیلر سوئفٹ کی مجموعی دولت 2 ارب ڈالر تک پہنچ گئی ہے۔ یہ اضافہ گزشتہ چند برسوں میں ان کی عالمی کامیابیوں، کنسرٹ ٹورز اور میوزک سیلز کی وجہ سے ہوا ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ان کی مالی کامیابی میں سب سے بڑا کردار 2023 اور 2024 کے دوران ہونے والے ایراز ٹور نے ادا کیا، جو دنیا کا سب سے زیادہ کمائی کرنے والا کنسرٹ ٹور سمجھا جاتا ہے۔
اس ٹور سے اربوں ڈالر کی آمدن ہوئی جس نے ٹیلر سوئفٹ کی مالی حیثیت کو نئی بلندیوں تک پہنچا دیا۔
ٹیلر سوئفٹ نے 2020 کے بعد اپنے پرانے گانوں کو دوبارہ ریکارڈ کرنے کا فیصلہ بھی کیا تھا تاکہ وہ اپنے میوزک کے حقوق دوبارہ حاصل کر سکیں۔ اس فیصلے کے بعد انہیں اپنی رائلٹی آمدن پر مزید کنٹرول حاصل ہو گیا۔
فوربز کے مطابق وہ 2024 میں ہی ارب پتی بن گئی تھیں، جبکہ ایراز ٹور ان کی مالی ترقی کا سب سے اہم موڑ ثابت ہوا۔ اب وہ تاریخ کی امیر ترین خواتین موسیقاروں میں شمار کی جا رہی ہیں۔
