گلگت بلتستان اسمبلی کے 24 حلقوں میں کل پولنگ ہوگی، جس کے لیے تمام انتظامات آخری مراحل میں داخل ہو چکے ہیں۔ انتخابی سامان کی ترسیل اور عملے کی تعیناتی کا عمل مکمل کیا جا رہا ہے۔

ضلع دیامر کے ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسر کے مطابق ضلع میں انتخابات کے لیے تمام تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔ ضلع کے چار حلقوں میں مجموعی طور پر 173 پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے ہیں۔ ان میں مردوں کے لیے 68، خواتین کے لیے 67 جبکہ 38 مشترکہ پولنگ اسٹیشنز شامل ہیں۔

انتخابی حکام کے مطابق ضلع دیامر میں ایک لاکھ 58 ہزار سے زائد ووٹرز اپنا حقِ رائے دہی استعمال کریں گے۔ پولنگ کے عمل کو پرامن بنانے کے لیے سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار تعینات کیے جا رہے ہیں۔

حکام نے بتایا کہ انتخابی عملے اور سامان کی ترسیل چند گھنٹوں میں مکمل کر لی جائے گی۔ پولنگ صبح 8 بجے سے شام 5 بجے تک بغیر کسی وقفے کے جاری رہے گی۔

ووٹ ڈالنے کے لیے قومی شناختی کارڈ لازمی ہوگا۔ حکام کے مطابق خواتین کے ووٹ کے حق میں کسی قسم کی رکاوٹ برداشت نہیں کی جائے گی اور خلاف ورزی کی صورت میں قانونی کارروائی کی جائے گی۔

انتظامیہ کے مطابق ضلع بھر میں پولنگ اسٹیشنز کو حساسیت کے لحاظ سے مختلف کیٹیگریز میں تقسیم کیا گیا ہے تاکہ شفاف اور پرامن انتخابات کو یقینی بنایا جا سکے۔

Leave a Reply

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Related Posts