وزیراعظم شہباز شریف نے اعلان کیا ہے کہ حکومت آج پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں خاطر خواہ کمی کا اعلان کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ عالمی سطح پر جنگی صورتحال کے باعث تیل کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ہوا تھا، تاہم جنگ بندی کے بعد بین الاقوامی منڈی میں خام تیل کی قیمتیں نیچے آنا شروع ہوگئی ہیں، جس کا فائدہ پاکستانی عوام کو منتقل کیا جائے گا۔

قومی اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو عزت و وقار سے نوازا ہے اور ملک کے 24 کروڑ عوام اس کامیابی پر مبارکباد کے مستحق ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج دنیا بھر میں پاکستان کا نام عزت اور احترام کے ساتھ لیا جا رہا ہے، جبکہ قومی مفاد اور ملکی وحدت کے لیے تمام سیاسی قوتوں کو متحد ہو کر آگے بڑھنا چاہیے۔

شہباز شریف نے کہا کہ حالیہ سفارتی اور قومی کامیابیوں میں فیلڈ مارشل کا کردار انتہائی اہم رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ فیلڈ مارشل نے کئی ماہ مسلسل محنت اور لگن کے ساتھ ذمہ داریاں نبھائیں، جس کے نتیجے میں بڑے بڑے چیلنجز پر قابو پانے میں کامیابی حاصل ہوئی۔ وزیراعظم نے نائب وزیراعظم کی خدمات کو بھی سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے بھی قومی مفاد کے لیے بھرپور کردار ادا کیا۔

وزیراعظم نے ایوان کو بتایا کہ گزشتہ شام ان کی ایران کے صدر مسعود پزشکیان سے تفصیلی گفتگو ہوئی، جس دوران دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات اور خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ وزیراعظم کے مطابق ایرانی صدر نے پاکستان اور پاکستانی عوام کے تعاون پر شکریہ ادا کیا اور دونوں ممالک کے برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔

شہباز شریف نے بتایا کہ انہوں نے ایرانی صدر کو پاکستان کے سرکاری دورے کی دعوت دی، جسے ایرانی صدر نے قبول کر لیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ایران کے تعلقات محض ہمسائیگی تک محدود نہیں بلکہ دونوں ممالک مذہبی، ثقافتی اور تاریخی رشتوں میں بندھے ہوئے ہیں۔

وزیراعظم کے مطابق ایرانی صدر نے انہیں سپریم لیڈر کی نماز جنازہ میں شرکت کی دعوت بھی دی ہے، جس پر پاکستان کی جانب سے شرکت کو یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن، استحکام اور باہمی تعاون کے فروغ کے لیے اپنا مثبت کردار جاری رکھے گا۔

Leave a Reply

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Related Posts