وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے برطانوی نائب وزیر خارجہ ہمیش فالکنر نے اسلام آباد میں ملاقات کی جس میں پاکستان اور برطانیہ کے تعلقات، علاقائی صورتحال اور مختلف اہم امور پر تفصیلی بات چیت کی گئی۔

ملاقات کے دوران برطانوی نائب وزیر خارجہ نے حالیہ امریکہ ایران مفاہمت میں پاکستان کے کردار کو سراہا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر نے خطے میں امن قائم کرنے کے لیے اہم اور تاریخی کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایران اور امریکہ کے درمیان مفاہمت کے بعد پاکستان کو عالمی سطح پر امن کے علمبردار کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔

دونوں رہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ پاکستان اور برطانیہ کے درمیان انسداد دہشت گردی، غیر قانونی امیگریشن، ادارہ جاتی تعاون اور پولیس ٹریننگ سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید بڑھایا جائے گا۔

اس موقع پر وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ اپسکیل منصوبے کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں اور پاکستانی اداروں کی صلاحیت میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ملک میں غیر قانونی امیگریشن اور انسانی اسمگلنگ کے خلاف بلا تفریق کارروائی جاری ہے۔

ملاقات میں جعلی اسٹوڈنٹ ویزوں کے مسئلے کے حل کے لیے مشترکہ طور پر کام کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔ محسن نقوی نے کہا کہ افغانستان میں موجود کچھ دہشت گرد تنظیمیں پاکستان کے خلاف سرگرم ہیں، اس لیے افغان حکومت کو اپنی سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال ہونے سے روکنا ہوگا۔

وفاقی وزیر داخلہ نے پاکستان اور برطانیہ کے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا بھی اعادہ کیا۔

اس ملاقات میں وفاقی وزراء چوہدری سالک حسین، علی پرویز ملک، طلال چوہدری، عون چوہدری، سیکرٹری داخلہ محمد خرم آغا، برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ، ڈی جی ایف آئی اے، کمانڈنٹ این پی اے اور ڈی جی این سی سی آئی اے بھی موجود تھے۔

Leave a Reply

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Related Posts