وزیر بلدیات پنجاب ذیشان رفیق کی زیر صدارت سُتھرا پنجاب اتھارٹی کے دفتر میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں صفائی کے انتظامات اور مختلف تیاریوں کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں سیکرٹری بلدیات شکیل احمد میاں اور ڈی جی سُتھرا پنجاب بابر صاحب دین نے بھی شرکت کی جبکہ تمام ضلعی سُتھرا پنجاب ایجنسیز کے مینجنگ ڈائریکٹرز نے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں حصہ لیا۔
اجلاس میں محرم الحرام کے دوران جلوسوں کے روٹس اور مجالس کے مقامات پر صفائی کے انتظامات پر تفصیلی غور کیا گیا۔ وزیر بلدیات نے ہدایت دی کہ امام بارگاہوں اور مجالس کے مقامات پر صفائی کا خاص خیال رکھا جائے اور تمام انتظامات بروقت مکمل کیے جائیں۔
وزیر بلدیات نے کہا کہ مون سون سیزن کے دوران نکاسی آب کے نظام کو بہتر بنانے کے لیے ڈرینز کی صفائی کو بھی یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ مون سون سے پہلے تمام ڈرینز کی ڈی سلٹنگ کا کام مکمل کیا جائے تاکہ کسی بھی ممکنہ مشکل سے بچا جا سکے۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ عشرہ محرم کے دوران خصوصی صفائی ٹیمیں تشکیل دی جائیں گی جبکہ میونسپل ادارے عزاداروں کے لیے ٹھنڈے پانی اور دیگر سہولیات بھی فراہم کریں گے۔
صوبائی وزیر نے تمام مینجنگ ڈائریکٹرز کو صفائی کے پلان بروقت مکمل کر کے جمع کروانے کی ہدایت کی اور کہا کہ ڈپٹی کمشنرز صفائی آپریشنز کی مکمل نگرانی کریں تاکہ شہریوں کو بہترین سہولیات فراہم کی جا سکیں۔
