پاکستان تحریک انصاف پنجاب نے فیصلہ کیا ہے کہ اس کے تمام ارکان پنجاب اسمبلی آج ہونے والے بجٹ اجلاس میں بھرپور شرکت کریں گے۔ اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی معین ریاض قریشی کے مطابق پارٹی کے تمام ارکان اڈیالہ جیل کے باہر احتجاج کرنے کے بجائے اسمبلی اجلاس میں شریک ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ بجٹ اجلاس میں پی ٹی آئی ارکان عوام کی بھرپور نمائندگی کریں گے اور عوامی مسائل کو مؤثر انداز میں اجاگر کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن بجٹ اجلاس کو عوامی مسائل کے حل کے لیے ایک اہم موقع کے طور پر استعمال کرے گی۔
معین ریاض قریشی نے مزید کہا کہ بانی پی ٹی آئی سے ملاقات نہ کروانے اور علاج کی سہولت فراہم نہ کرنے کے معاملے پر بھی اسمبلی کے اندر آواز اٹھائی جائے گی۔ ان کے مطابق یہ مسئلہ بھی پارٹی کے اہم مطالبات میں شامل ہے۔
پی ٹی آئی پنجاب کے مطابق بجٹ اجلاس کے دوران اپوزیشن نہ صرف عوامی مسائل کو سامنے لائے گی بلکہ بانی پی ٹی آئی کی رہائی سمیت دیگر سیاسی امور پر بھی اپنا مؤقف پیش کرے گی۔
