پنجاب حکومت مالی سال 2026-27 کا بجٹ آج پنجاب اسمبلی میں پیش کرے گی۔ بجٹ اجلاس دوپہر 2 بجے شروع ہوگا جس میں آئندہ مالی سال کے لیے آمدن، اخراجات اور ترقیاتی منصوبوں کی تفصیلات پیش کی جائیں گی۔ بجٹ میں مختلف شعبوں کے لیے فنڈز مختص کیے جانے کے ساتھ عوامی فلاح و بہبود کے اقدامات کا بھی اعلان متوقع ہے۔
بجٹ پیش کیے جانے سے قبل وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کا اہم اجلاس بھی منعقد ہوگا۔ اجلاس میں بجٹ تجاویز کا جائزہ لیا جائے گا اور حتمی منظوری دی جائے گی، جس کے بعد بجٹ دستاویزات پنجاب اسمبلی میں پیش کی جائیں گی۔
دوسری جانب پنجاب اسمبلی کے بجٹ اجلاس کے موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔ اسمبلی اور اس کے اطراف کے علاقوں میں پولیس اور اینٹی رائٹ فورس کے اہلکار تعینات کر دیے گئے ہیں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے نمٹا جا سکے۔
حکام کے مطابق سرکاری ملازمین کے ممکنہ احتجاج کے پیش نظر سیکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے۔ اسمبلی کے داخلی اور خارجی راستوں کی نگرانی بڑھا دی گئی ہے جبکہ حساس مقامات پر اضافی نفری بھی تعینات کی گئی ہے۔
بجٹ اجلاس کو پنجاب حکومت کے لیے اہم قرار دیا جا رہا ہے کیونکہ اس میں آئندہ مالی سال کی معاشی ترجیحات، ترقیاتی منصوبوں اور عوامی ریلیف کے اقدامات کا تعین کیا جائے گا۔
