وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے جماعت اسلامی کے مرکز منصورہ کا دورہ کیا جہاں انہوں نے امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان سے اہم ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران ملک کی مجموعی سیاسی، معاشی اور امن و امان کی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
دونوں رہنماؤں نے ایران اور امریکا کے درمیان ہونے والی مفاہمت پر بھی گفتگو کی اور اسے خطے میں امن و استحکام کے لیے ایک مثبت پیش رفت قرار دیا۔ اس موقع پر حافظ نعیم الرحمان نے ایران امریکا مفاہمت میں پاکستان کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس تاریخی کردار کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس پیش رفت سے پورے خطے میں پائیدار امن کی راہ ہموار ہوئی ہے۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے ایران امریکا مذاکرات اور اس سلسلے میں حکومت کی سفارتی کوششوں سے متعلق حافظ نعیم الرحمان کو اعتماد میں لیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم اور فیلڈ مارشل نے خطے میں امن کے قیام کے لیے اہم اور ناقابل فراموش کردار ادا کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ خطے میں کشیدگی کے خاتمے کا کریڈٹ پاکستان کو جاتا ہے اور حکومت اس کامیابی پر اللہ تعالیٰ کے حضور شکر گزار ہے۔
ملاقات کے دوران حافظ نعیم الرحمان نے صومالیہ میں محصور پاکستانیوں کا معاملہ بھی اٹھایا اور حکومت سے مطالبہ کیا کہ ان کی فوری اور محفوظ واپسی کے لیے مؤثر سفارتی اقدامات کیے جائیں۔ وزیر داخلہ نے اس معاملے پر حکومت کی کوششوں سے بھی آگاہ کیا۔
دونوں رہنماؤں نے ملک کی معاشی صورتحال، عوام کو ریلیف کی فراہمی اور قومی مسائل کے حل کے لیے مشترکہ کاوشوں کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ ملاقات خوشگوار ماحول میں ہوئی جس میں قومی اور علاقائی امور پر مختلف پہلوؤں سے تبادلہ خیال کیا گیا۔
