مرکزی مسلم لیگ کے منصوبے ’’اپنا کماؤ‘‘ کے تحت تین ماہ پر مشتمل مفت آئی ٹی کورس کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے۔ افتتاحی کلاس میں آن لائن ہزاروں شرکاء نے شرکت کی۔ اس کورس کے ذریعے نوجوانوں، طلبہ، خواتین، بے روزگار افراد اور فری لانسرز کو جدید ڈیجیٹل مہارتوں کی عملی تربیت فراہم کی جائے گی۔
پروگرام کے تحت شرکاء کو ڈیجیٹل مارکیٹنگ، فری لانسنگ، مصنوعی ذہانت، ویب ڈویلپمنٹ اور ای کامرس جیسے اہم شعبوں میں جدید اور عملی تربیت دی جائے گی تاکہ وہ آن لائن پلیٹ فارمز کے ذریعے روزگار کے مواقع حاصل کر سکیں۔
’’اپنا کماؤ‘‘ کے فری آئی ٹی کورس کے شرکاء سے گفتگو کرتے ہوئے مرکزی مسلم لیگ کے آئی ٹی ہیڈ ملک وقاص سعید نے کہا کہ اس پروگرام کا مقصد نوجوانوں کو جدید ڈیجیٹل مہارتوں سے آراستہ کرنا ہے تاکہ وہ نہ صرف خود کفیل بن سکیں بلکہ ملکی معیشت کی بہتری میں بھی مؤثر کردار ادا کریں۔
انہوں نے کہا کہ ’’اپنا کماؤ‘‘ محض ایک تربیتی پروگرام نہیں بلکہ نوجوانوں کی معاشی خودمختاری اور ڈیجیٹل بااختیاری کی ایک قومی تحریک ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ موجودہ حالات میں نوجوان مایوسی کا شکار ہیں کیونکہ ڈگریوں کے باوجود روزگار کے مواقع محدود ہیں، اس لیے ایسے پروگرام وقت کی اہم ضرورت ہیں۔
ملک وقاص سعید نے مزید کہا کہ اس کورس میں شرکت کے لیے کسی خاص تعلیمی قابلیت کی شرط عائد نہیں کی گئی تاکہ زیادہ سے زیادہ افراد اس سے فائدہ اٹھا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ قوموں کی ترقی وسائل سے نہیں بلکہ ہنر مند افرادی قوت سے ممکن ہوتی ہے، اور ’’اپنا کماؤ‘‘ اسی سمت ایک عملی قدم ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس منصوبے کا طویل المدتی ہدف پاکستان کو ڈیجیٹل مہارتوں اور آن لائن روزگار کے میدان میں ایک مضبوط، خود انحصار اور بااختیار ملک بنانا ہے۔
