انویسٹی گیشن پولیس نے بینک فراڈ کے ایک اہم مقدمے میں کارروائی کرتے ہوئے مرکزی ملزم کو گرفتار کر لیا جبکہ اس کے قبضے سے شہری سے ہتھیائی گئی 3 کروڑ روپے کی رقم بھی برآمد کر لی گئی۔ ڈی آئی جی انویسٹی گیشن سید ذیشان رضا نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ملزمان کی گرفتاری اور رقم کی برآمدگی کے لیے خصوصی ہدایات جاری کی تھیں۔
ایس پی انویسٹی گیشن سٹی فرحت عباس کی سربراہی میں خصوصی ٹیم تشکیل دی گئی جس نے انچارج انویسٹی گیشن تھانہ رنگ محل اعتزاز المحسن کی قیادت میں کارروائی کرتے ہوئے مرکزی ملزم کو گرفتار کیا۔ پولیس کے مطابق ملزم کو جدید ٹیکنالوجی اور ہیومن انٹیلی جنس کی مدد سے ٹریس کر کے حراست میں لیا گیا۔
تحقیقات کے مطابق گرفتار ملزم اور اس کا ساتھی نجی بینکوں میں بطور منیجر فرائض انجام دے رہے تھے۔ دونوں ملزمان نے مبینہ طور پر دھوکہ دہی کے ذریعے شہری فہد علی سے 5 کروڑ روپے حاصل کیے اور بعد ازاں رقم لے کر فرار ہو گئے تھے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزم سے 3 کروڑ روپے برآمد کر لیے گئے ہیں جبکہ دوسرے ملزم کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں اور توقع ہے کہ اسے بھی جلد گرفتار کر لیا جائے گا۔
ڈی آئی جی انویسٹی گیشن سید ذیشان رضا اور ایس ایس پی انویسٹی گیشن محمد نوید نے برآمد شدہ رقم متاثرہ شہری کے حوالے کر دی۔ اس موقع پر شہری فہد علی نے رقم کی برآمدگی پر انویسٹی گیشن پولیس کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے پولیس ٹیم کا شکریہ ادا کیا۔
ڈی آئی جی انویسٹی گیشن کا کہنا تھا کہ پولیس اور پراسیکیوشن کے باہمی تعاون سے گرفتار ملزم کو قانون کے مطابق قرار واقعی سزا دلوائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے انویسٹی گیشن پولیس ہر وقت متحرک اور کوشاں ہے۔
دریں اثنا، ایس ایس پی انویسٹی گیشن محمد نوید نے کامیاب کارروائی پر پولیس ٹیم کے لیے تعریفی اسناد دینے کا اعلان بھی کیا ہے۔
