پاکستان ایک بار پھر مونسون کے موسم کے دہانے پر کھڑا ہے۔ محکمہ موسمیات اور متعلقہ ادارے معمول سے زیادہ بارشوں، پہاڑی علاقوں میں گلیشیئرز کے تیز رفتار پگھلاؤ اور ممکنہ سیلابی صورتحال کے بارے میں خبردار کر رہے ہیں۔ موسمیاتی تبدیلیوں نے دنیا بھر کی طرح پاکستان کو بھی شدید متاثر کیا ہے، جہاں موسموں کی روایتی ترتیب بتدریج تبدیل ہو رہی ہے۔ ایسے میں یہ سوال پہلے سے کہیں زیادہ اہم ہو چکا ہے کہ کیا ہم ایک بار پھر کسی ممکنہ آفت کا انتظار کر رہے ہیں یا اس بار واقعی بروقت تیاری کے ساتھ اس کا مقابلہ کرنے کے لیے تیار ہیں؟
پاکستان گزشتہ کئی برسوں سے بار بار سیلابوں، طوفانی بارشوں اور اربن فلڈنگ کے مسائل کا سامنا کر رہا ہے۔ 2022 کے تاریخ ساز اور تباہ کن سیلابوں نے پوری دنیا کو پاکستان میں موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات کی سنگینی کا احساس دلایا، جبکہ 2023 میں دریائے ستلج، راوی اور چناب سے منسلک سیلابی صورتحال نے ایک بار پھر ہزاروں خاندانوں، زرعی زمینوں اور دیہی معیشت کو شدید متاثر کیا۔ ان واقعات نے یہ حقیقت واضح کر دی کہ سیلاب اب محض ایک موسمی خطرہ نہیں بلکہ ایک مستقل قومی چیلنج بن چکا ہے، جس سے نمٹنے کے لیے وقتی ردِعمل کے بجائے طویل المدتی منصوبہ بندی اور مؤثر انتظامی تیاری ناگزیر ہے۔
قدرتی آفات کو مکمل طور پر روکنا کسی بھی ملک کے بس کی بات نہیں، لیکن ان کے اثرات کو کم کرنا اور انسانی جانوں کو محفوظ بنانا یقیناً مؤثر منصوبہ بندی اور پیشگی تیاری کے ذریعے ممکن ہے۔ بدقسمتی سے ہمارے ہاں اکثر یہ روایت رہی ہے کہ خطرات کی پیشگی اطلاعات کے باوجود عملی اقدامات میں تاخیر کی جاتی ہے۔ حفاظتی بندوں کی مرمت، ندی نالوں کی صفائی، نکاسی آب کے نظام کی بہتری اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے انتظامات اکثر آخری لمحوں تک مؤخر رہتے ہیں۔ نتیجتاً جب بارشیں شدت اختیار کرتی ہیں تو انتظامی مشینری دباؤ کا شکار ہو جاتی ہے اور نقصان کی شدت کئی گنا بڑھ جاتی ہے۔
اس سال بھی متعلقہ اداروں کی جانب سے مختلف منصوبوں، انفراسٹرکچر آڈٹ، نگرانی کے جدید نظام اور حفاظتی اقدامات کے دعوے کیے جا رہے ہیں۔ یہ یقیناً خوش آئند امر ہے، لیکن ماضی کے تجربات ہمیں یہ سکھاتے ہیں کہ اصل امتحان کاغذی منصوبوں کا نہیں بلکہ زمینی حقائق کا ہوتا ہے۔ ضروری ہے کہ وفاقی، صوبائی اور ضلعی سطح پر تمام متعلقہ ادارے اپنے انتظامات کا حقیقت پسندانہ جائزہ لیں اور ان علاقوں پر خصوصی توجہ مرکوز کریں جو ماضی میں سیلاب یا اربن فلڈنگ سے زیادہ متاثر ہوتے رہے ہیں۔
اس ضمن میں چند اقدامات فوری توجہ کے متقاضی ہیں۔ دریاؤں کے کنارے موجود حفاظتی بندوں، پشتوں اور حساس مقامات کا جامع سروے کیا جائے اور جہاں کہیں کمزوریاں یا نقص موجود ہوں وہاں ہنگامی بنیادوں پر مرمت اور مضبوطی کا کام مکمل کیا جائے۔ ریت کے تھیلوں، بھاری مشینری، ریسکیو کشتیوں اور دیگر ضروری سامان کی پیشگی دستیابی کو یقینی بنایا جائے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری اور مؤثر کارروائی ممکن ہو سکے۔
بڑے شہروں میں اربن فلڈنگ بھی ایک مستقل چیلنج کی صورت اختیار کر چکی ہے۔ چند گھنٹوں کی شدید بارش معمولاتِ زندگی کو مفلوج کر دیتی ہے، سڑکیں تالاب کا منظر پیش کرنے لگتی ہیں اور شہری مشکلات کا شکار ہو جاتے ہیں۔ اس صورتحال سے نمٹنے کے لیے واسا، بلدیاتی اداروں اور ضلعی انتظامیہ کو نکاسی آب کے نظام کی مکمل جانچ پڑتال کرنی چاہیے۔ نالوں کی بروقت صفائی، تجاوزات کے خاتمے، اضافی پمپوں کی فراہمی اور بجلی کی بندش کی صورت میں متبادل انتظامات کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
اسی طرح ممکنہ سیلابی صورتحال کی نگرانی کے لیے جدید ٹیکنالوجی اور مؤثر رابطہ کاری ناگزیر ہے۔ دریاؤں کے بہاؤ، پہاڑی علاقوں میں بارشوں، گلیشیئرز کے پگھلاؤ اور آبی ذخائر کی صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جانی چاہیے۔ بروقت اور قابل اعتماد معلومات کی فراہمی نہ صرف متعلقہ اداروں کو بہتر فیصلے کرنے میں مدد دیتی ہے بلکہ عوام کو بھی ضروری حفاظتی اقدامات اختیار کرنے کا موقع فراہم کرتی ہے۔ ایک مؤثر وارننگ سسٹم کا مقصد صرف الرٹ جاری کرنا نہیں بلکہ خطرے سے دوچار ہر فرد تک بروقت اور قابلِ فہم معلومات پہنچانا ہونا چاہیے۔
سیلابی خطرات سے نمٹنے کی حکمت عملی میں زرعی شعبے اور دیہی معیشت کو خصوصی اہمیت دینا بھی ضروری ہے۔ پاکستان کی ایک بڑی آبادی زراعت اور مال مویشیوں پر انحصار کرتی ہے۔ اگر پیشگی منصوبہ بندی کے ذریعے چارے، ویکسینیشن، عارضی پناہ گاہوں اور خوراک کے ذخائر کا بندوبست کر لیا جائے تو ممکنہ معاشی نقصانات میں نمایاں کمی لائی جا سکتی ہے۔ یہ اقدامات نہ صرف کسانوں کے روزگار کے تحفظ میں مددگار ثابت ہوں گے بلکہ غذائی تحفظ کو بھی یقینی بنائیں گے۔
تاہم یہ ذمہ داری صرف حکومت یا سرکاری اداروں کی نہیں۔ عوام کو بھی اپنی ذمہ داریوں کا احساس کرنا ہوگا۔ مستند ذرائع سے معلومات حاصل کرنا، افواہوں سے گریز کرنا، ایمرجنسی کٹ تیار رکھنا، ضروری دستاویزات کو محفوظ مقام پر رکھنا اور انتظامیہ کی جانب سے جاری کردہ ہدایات پر عمل کرنا ہر شہری کا فرض ہے۔ ماضی کے تجربات گواہ ہیں کہ بروقت احتیاط اور فوری انخلا بے شمار جانوں کو بچا سکتا ہے۔
آج ضرورت اس امر کی ہے کہ ممکنہ سیلابی خطرات کو محض موسمی خبر یا رسمی انتباہ سمجھنے کے بجائے قومی ترجیح کے طور پر لیا جائے۔ موسمیاتی تبدیلیوں کے اس دور میں غیر معمولی موسمی واقعات معمول بنتے جا رہے ہیں۔ ایسے حالات میں پیشگی منصوبہ بندی، ادارہ جاتی ہم آہنگی، جدید ٹیکنالوجی کا مؤثر استعمال اور عوامی شعور ہی وہ عناصر ہیں جو ممکنہ تباہی کے اثرات کو محدود کر سکتے ہیں۔ آنے والے ہفتے ہمارے دعووں، منصوبوں اور تیاریوں کا حقیقی امتحان ہوں گے۔ اگر آج ذمہ داری کا مظاہرہ کیا گیا تو کل نقصان کو کم کیا جا سکتا ہے، لیکن اگر غفلت کا سلسلہ جاری رہا تو اس کی قیمت ہمیشہ کی طرح عام شہری، کسان اور دیہی آبادی کو ادا کرنا پڑے گی۔
وقت ابھی ہاتھ سے نہیں نکلا۔ اگر ادارے بروقت اور مؤثر اقدامات کریں، انتظامی مشینری پوری ذمہ داری کے ساتھ متحرک ہو اور عوام احتیاطی تدابیر کو اپنا شعار بنا لیں، تو آنے والا مونسون تباہی کی داستان کے بجائے قومی نظم و ضبط اور اجتماعی شعور کی کامیابی کا استعارہ بن سکتا ہے۔ تب یہ موسم صرف بارشوں کی آمد نہیں بلکہ امید، تحفظ اور خوش حالی کی ایک ایسی "نویدِ سعید” بن کر ابھرے گا جس کے ثمرات ہر شہری محسوس کرے گا
