پی ڈی ایم اے سندھ نے کراچی سمیت صوبے بھر میں شدید گرمی کی پیشگوئی کرتے ہوئے ہیٹ ویو الرٹ جاری کر دیا ہے۔ حکام کے مطابق 12 جون تک سندھ کے مختلف علاقوں میں موسم انتہائی گرم رہنے کا امکان ہے اور درجہ حرارت معمول سے 4 سے 6 ڈگری زیادہ ہو سکتا ہے۔
سندھ کے کئی اضلاع میں درجہ حرارت خطرناک حد تک بڑھنے کی پیشگوئی کی گئی ہے، جہاں سکھر، شکارپور، لاڑکانہ اور جیکب آباد میں پارہ 48 سے 51 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ سکتا ہے۔ اسی طرح حیدرآباد، بدین، تھرپارکر، میرپورخاص اور جامشورو میں درجہ حرارت 42 سے 45 ڈگری کے درمیان رہنے کا امکان ہے۔
کراچی ڈویژن میں نو سے 12 جون کے دوران درجہ حرارت 39 سے 42 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہ سکتا ہے جبکہ اس دوران گرد آلود ہوائیں اور دھول کے طوفان چلنے کا بھی خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
پی ڈی ایم اے سندھ نے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے اور کہا ہے کہ بچے، خواتین اور بزرگ خصوصی طور پر گرمی سے بچاؤ کا خیال رکھیں۔ شہریوں کو زیادہ سے زیادہ پانی پینے اور خود کو ہائیڈریٹ رکھنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔
