وزیراعظم شہباز شریف نے گلگت بلتستان میں پرامن انتخابات کے انعقاد پر عوام کو مبارکباد دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پرامن، شفاف انتخابات اور سیاسی سرگرمیاں جمہوریت کا حسن ہیں۔
وزیراعظم نے اپنے بیان میں کہا کہ گلگت بلتستان میں پاکستان پیپلز پارٹی ایک بڑی سیاسی جماعت کے طور پر سامنے آئی ہے، جس پر وہ مبارکباد کے مستحق ہیں۔ انہوں نے صدر آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو زرداری کو بھی انتخابی کامیابی پر مبارکباد پیش کی۔
شہباز شریف نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے امیدواروں کو بھی مبارکباد دی اور کہا کہ پارٹی کے امیدواروں نے بھرپور مقابلہ کیا اور اچھی کارکردگی دکھائی۔ انہوں نے مسلم لیگ (ن) کی ٹیم کی کوششوں کو سراہتے ہوئے انہیں شاباش بھی دی۔
وزیراعظم نے گلگت بلتستان کے عوام کی انتخابی عمل میں بھرپور شرکت کو سراہا اور کہا کہ عوام نے جمہوری عمل کو کامیاب بنایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے شفاف اور غیر جانبدار انتخابات کو یقینی بنایا جو قابل تعریف ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے بھی پرامن انتخابات کے انعقاد میں اہم کردار ادا کیا ہے، جس پر وہ خراج تحسین کے مستحق ہیں۔
