امریکی ریاست ٹیکساس میں ایک چھوٹا نجی طیارہ گر کر تباہ ہو گیا جس کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک ہو گیا ہے جبکہ طیارے میں چھ افراد سوار تھے۔
امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ حادثہ اس وقت پیش آیا جب طیارہ ٹیکساس کی فضائی حدود میں داخل ہوا اور اچانک ہائی وے کے قریب گر کر تباہ ہو گیا۔ حادثے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا اور امدادی ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں۔
حکام نے بتایا ہے کہ حادثے کی وجوہات ابھی تک معلوم نہیں ہو سکیں، تاہم واقعے کی مکمل تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں تاکہ اصل وجہ سامنے آ سکے۔
یاد رہے کہ امریکہ میں اس سے پہلے بھی فضائی حادثات پیش آ چکے ہیں۔ حال ہی میں ریاست میسوری میں ایک طیارہ حادثے میں 12 افراد ہلاک ہوئے تھے جن میں اسکائی ڈائیورز اور پائلٹ شامل تھے۔ اسی طرح واشنگٹن میں امریکی میرین کور کا ایک ایف اے 18 ہارنیٹ طیارہ بھی تربیتی پرواز کے دوران حادثے کا شکار ہوا تھا، تاہم اس میں پائلٹ نے بروقت ایجیکٹ کر کے اپنی جان بچا لی تھی۔
