پاکستان ایئر فورس کا ایک تربیتی طیارہ خیبرپختونخوا کے ضلع مردان کے قریب حادثے کا شکار ہو کر گر گیا، جس کے نتیجے میں دو پائلٹس شہید ہوگئے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق یہ حادثہ تربیتی پرواز کے دوران پیش آیا۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ حادثے میں فلائٹ لیفٹیننٹ محمد قاسم عبداللہ اور فلائٹ لیفٹیننٹ طحہ عباسی شہید ہوئے۔ دونوں پائلٹس اپنے فرائض کی انجام دہی کے دوران وطن پر قربان ہوگئے۔ حادثے کے بعد امدادی ٹیمیں فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے حادثے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے شہید پائلٹس کو خراج عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے شہداء کے اہل خانہ سے ہمدردی کا اظہار کیا اور ان کے لیے صبر و استقامت کی دعا کی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق حادثے کی اصل وجہ جاننے کے لیے ایئر ہیڈ کوارٹرز کی جانب سے ایک تحقیقاتی بورڈ تشکیل دے دیا گیا ہے جو واقعے کی مکمل تحقیقات کرے گا اور اپنی رپورٹ پیش کرے گا۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بھی حادثے پر افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ شہید پائلٹس نے وطن کی خدمت کرتے ہوئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا اور پوری قوم ان کی قربانی پر فخر کرتی ہے۔
