پاکستان کی معروف اداکارہ ماہرہ خان نے لندن میں برطانوی بادشاہ چارلس سوم سے ملاقات کی ہے جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے۔
یہ ملاقات لندن کے ایک معروف ہوٹل میں برٹش ایشین ٹرسٹ کی سالانہ تقریب کے دوران ہوئی جس میں مختلف ممالک کی معروف شخصیات، اداکار، سماجی رہنما اور کاروباری شخصیات نے شرکت کی۔
تقریب کے دوران ماہرہ خان اور برطانوی بادشاہ کے درمیان مختصر اور خوشگوار گفتگو ہوئی۔ ملاقات کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے ماہرہ خان نے کہا کہ شاہ چارلس بہت خوش اخلاق اور خوش مزاج شخصیت کے مالک ہیں۔ ان کے مطابق گفتگو بہت اچھی رہی اور شاہ چارلس نے برٹش ایشین ٹرسٹ کے ساتھ ان کے کام کو سراہا اور شکریہ ادا کیا۔
ماہرہ خان نے اس موقع پر ذہنی صحت کے حوالے سے بھی بات کی اور کہا کہ آج کے دور میں بھی لوگ اس موضوع پر کھل کر بات کرنے سے ہچکچاتے ہیں، حالانکہ یہ بھی دیگر بیماریوں کی طرح ایک اہم مسئلہ ہے اور اس پر توجہ دینا ضروری ہے۔
یہ تقریب برٹش ایشین ٹرسٹ کی جانب سے منعقد کی گئی تھی جس کا مقصد جنوبی ایشیا میں جاری فلاحی منصوبوں کے لیے فنڈز اکٹھا کرنا تھا۔
