امریکن پاکستانی فزیشنز فار جسٹس اینڈ ڈیموکریسی (اے پی پی جے ڈی) کے مرکزی صدر ڈاکٹر محمد اشرف طور نے کہا ہے کہ آزادکشمیر میں پرتشدد سیاست کسی صورت قابل برداشت نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کا کوئی شہر مشتعل اور شرپسند عناصر کی پناہ گاہ نہیں بن سکتا، جبکہ ملک کے عوام امن پسند ہیں اور اشتعال انگیزی اور تشدد کی سیاست کو مسترد کرتے ہیں۔

انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ آزاد عدلیہ کے ہوتے ہوئے کوئی اپنی متوازی عدالت قائم نہیں کر سکتا اور نہ ہی ریاست کے اندر ریاست بنانے کی اجازت دی جا سکتی ہے۔ ان کے مطابق کچھ عناصر بیرونی اشاروں پر ریاستی نظام کو بلیک میل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں جن کے خلاف ریاست کو اپنی رٹ قائم رکھنی چاہیے۔

ڈاکٹر اشرف طور نے کہا کہ احتجاج اور اختلاف رائے جمہوری حق ہے، تاہم اس کی آڑ میں توڑ پھوڑ، پتھراؤ اور جلاؤ گھیراؤ کسی صورت قبول نہیں کیا جا سکتا۔ ان کا کہنا تھا کہ جمہوری اقدار کی خلاف ورزی ملکی امن و استحکام کے لیے نقصان دہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں منتخب حکومت کو چارٹر آف ڈیمانڈ مہذب اور آئینی انداز میں پیش کیا جانا چاہیے تاکہ مسائل کا حل مذاکرات کے ذریعے نکالا جا سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ پرتشدد رویے نہ صرف ملکی مفاد کے خلاف ہیں بلکہ دشمن کے ایجنڈے کو بھی تقویت دیتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ آزادکشمیر کے باشعور عوام نے ہمیشہ تشدد کی سیاست کو مسترد کیا ہے۔ ان کے مطابق سرکاری اہلکار کی شہادت اور میت کی بے حرمتی قومی ضمیر کے منافی ہے اور ایسے اقدامات کسی بھی صورت قابل قبول نہیں۔

آخر میں ڈاکٹر محمد اشرف طور نے کہا کہ پاکستان میں امن و امان برقرار رکھنا افواج پاکستان اور سیکیورٹی اداروں کی ذمہ داری ہے اور ریاستی رٹ کو چیلنج کرنے والے عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔

Leave a Reply

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Related Posts