پاکستان کرکٹ ٹیم کی ٹیسٹ قیادت میں تبدیلی کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔ ذرائع کے مطابق موجودہ ٹیسٹ کپتان شان مسعود کی جگہ سلمان آغا کو ٹیم کی قیادت سونپنے پر غور کیا جا رہا ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے اہم اجلاس جمعہ اور ہفتہ کو متوقع ہیں، جن میں قومی کرکٹ سے متعلق مختلف اہم معاملات پر بات چیت کی جائے گی۔ اس دوران چیئرمین پی سی بی محسن نقوی بھی اہم شخصیات سے ملاقاتیں کریں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ان اجلاسوں میں ٹیسٹ ٹیم کی کپتانی کے حوالے سے اہم فیصلے متوقع ہیں۔ سلمان آغا کو مستقبل کے کپتان کے طور پر سنجیدگی سے دیکھا جا رہا ہے، تاہم حتمی فیصلہ ابھی سامنے نہیں آیا۔
اجلاس میں کپتانی کے علاوہ کرکٹ کے دیگر انتظامی اور فنی معاملات پر بھی غور کیا جائے گا۔ سابق قومی کرکٹرز محمد حفیظ اور یونس خان کی ممکنہ تقرریوں سمیت مختلف اہم امور بھی ایجنڈے کا حصہ ہوں گے۔
کرکٹ شائقین کی نظریں اب پی سی بی کے آئندہ اجلاسوں پر مرکوز ہیں، جہاں قومی ٹیم کے مستقبل سے متعلق اہم فیصلوں کا امکان ہے۔
