ایران کی پاسدارانِ انقلاب نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے اسرائیلی فضائیہ کے اہم فوجی اڈوں تل نوف اور نواتیم ایئربیسز کو نشانہ بنایا ہے۔ ایرانی میڈیا کے مطابق یہ کارروائی اسرائیل کی جانب سے ایران میں بعض فوجی اور ریڈار تنصیبات پر کیے گئے حملوں کے جواب میں کی گئی۔
پاسدارانِ انقلاب کے بیان میں کہا گیا ہے کہ اسرائیلی کارروائیوں کے بعد فوری جواب دینا اور حملوں کے دائرہ کار کو بڑھانا ان کی حکمت عملی کا حصہ ہے۔ ایرانی حکام نے خبردار کیا ہے کہ اگر اسرائیل کی جانب سے مزید کارروائیاں کی گئیں تو اس کا مزید سخت جواب دیا جائے گا۔
دوسری جانب عرب میڈیا نے رپورٹ کیا ہے کہ ایرانی حملوں کے بعد تل ابیب کے مختلف علاقوں میں دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں۔ اطلاعات کے مطابق بعض میزائلوں یا ان کے ٹکڑوں کے وسطی اسرائیل میں گرنے کی بھی خبریں سامنے آئی ہیں۔
حملوں کے بعد اسرائیل کے سب سے بڑے بین الاقوامی ہوائی اڈے بن گوریان ایئرپورٹ پر ہنگامی صورتحال نافذ کر دی گئی۔ سیکیورٹی اداروں کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے جبکہ ممکنہ خطرات کے پیش نظر اضافی حفاظتی اقدامات بھی کیے جا رہے ہیں۔
ایران اور اسرائیل کے درمیان حالیہ کشیدگی نے پورے خطے میں تشویش پیدا کر دی ہے۔ عالمی برادری صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے اور مختلف ممالک دونوں فریقین سے تحمل کا مظاہرہ کرنے اور کشیدگی کم کرنے کی اپیل کر رہے ہیں
